-->

نیوزی لینڈ سے آئی سی سی میں بات کرینگے، رمیز راجہ


چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے نیوزی لینڈ کی جانب سے سیریز منسوخ کرکے ٹیم واپس بلانے کے فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ان سے آئی سی سی میں بات کریں گے۔

 ترجمان پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے یکطرفہ فیصلے کے بعد ون ڈے اور ٹی 20 سیریز ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے کو مایوس کن قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نيوزی لينڈ کس دنيا ميں رہ رہا ہے؟، نيوزی لينڈ کے فيصلے سے مايوسی ہوئی، نيوزی لينڈ سے اب آئی سی سی ميں بات کريں گے۔

رمیز راجا نے کہا کہ کرکٹ نيوزی ليںڈ نے واپسی کا يکطرفہ فيصلہ کيا، اس معاملے پر کچھ شيئر نہ کرنا بھی مايوس کن ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کرکٹ مداحوں اور کھلاڑیوں سے بھی معذرت کی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پی سی بی وسیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کل اپنے ملک واپس روانہ ہوگی، مہمان ٹیم خصوصی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے واپس جائے گی، یہ افسوسناک امر ہے، جو ہوا بہت غلط ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سیکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے، ہم نے نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی انٹیلیجنس دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سیکیورٹی تھریٹ نہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے