![]() |
| طالبان نے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی، فوٹو: فائل |
کابل(پنجند نیوز ایچ ڈی سوشل میڈیا ویب ڈیسک) : طالبان نے اشرف غنی دور کے نائب صدر امر اللہ صالح کے گھر سے لاکھوں ڈالر نقدی اور بڑی مقدار میں سونا برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
افغانستان میں مزاحمت کے آخری ٹھکانے پنجشیر میں لڑائی تاحال جاری ہے جس میں طالبان کو بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے جب کہ قومی مزاحمتی فورس کو شدید جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔
افغانستان کی امارت اسلامی کے کلچرل کمیشن کے سوشل میڈیا انچارج احمد اللہ متقی نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں طالبان کو ڈالرز کے بنڈلز کو گنتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ سونے کی اینٹیں بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
احمد اللہ متقی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ویڈیوافغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح کے گھر کی ہے جہاں سے ہمیں 65 لاکھ ڈالر اور سونے کی متعدد اینٹیں ملی ہیں۔
د امر الله صالې په کور کې شپږنیم میلیونه ډالر د سرو زرو له اتلس خښتو سره يوځای د اسلامي امارت د ځواکونو لاسته ولوېدل. pic.twitter.com/E5YinxvTe0
— Ahmadullah Muttaqi (@Ahmadmuttaqi01) September 13, 2021
اس حوالے سے امر اللہ صالح یا ان کے اہل خانہ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی آزاد ذرائع سے اس دعوے کی تصدیق ہوسکی ہے۔
امر اللہ صالح کے بڑے بھائی روح اللہ جو مزاحمتی فورس کے اہم کمانڈر بھی تھے کو طالبان نے لڑائی کے دوران ہلاک کردیا تھا جب کہ ان کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا تھا کہ لاش ہمارے حوالے نہیں کی جارہی ہے۔
طالبان کی کابل آمد پر اُس وقت کے صدر اشرف غنی بغیر کسی کو بتائے ملک سے فرار ہوگئے تھے جب کہ ان کے نائب امر اللہ صالح نے پنجشیر میں پناہ لی تھی جہاں احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود کی سربراہی میں قائم مزاحمتی فورس کے ساتھ طالبان کیخلاف لڑنے کا اعلان کیا تھا۔
امر اللہ صالح کے بارے میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ پنجشیر میں طالبان کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے وہ تاجکستان فرار ہوگئے ہیں تاہم انھوں نے ایک ویڈیو پیغام میں اس کی تردید کی تھی۔


0 تبصرے