وزیراعظم شہباز شریف کی پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ الیکشن انتخابی اصلاحات مکمل ہونے پر ہی ہوں گے۔
لندن (ویب ڈیسک) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد اور اپنے بھائی نواز شریف سے اہم ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف سے ون آن ون ملاقات بھی کی جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے، ملاقات میں عام انتخابات کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی اور خاص طور پر پی ٹی آئی کی جانب سے جلد انتخابی مطالبے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران نواز شریف نے اپنے بھائی اور وزیراعظم شہباز شریف کو سابق صدر آصف علی زرداری سے انتخابی معاملات پر ہونے والی گفتگو سے بھی آگاہ کیا۔
اس دوران وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف میں اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ ملک میں جلد انتخابات کا کوئی امکان نہیں ہے اور انتخابی اصلاحات مکمل ہونے پر ہی عام انتخابات ہوں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیراعظم شہباز شریف کی لندن میں اپنے بڑے بھائی اور پارٹی کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی چند تصاویر شیئر کیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کردہ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جھک کر اپنے بھائی نواز شریف سے گلے مل ررہے ہیں۔
ماشاءاللّہ ♥️ pic.twitter.com/rLrM1uBviw
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) May 11, 2022
خیال رہے کہ لندن میں مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس ہونا ہے جس کے لیے پارٹی قائد نواز شریف نے وزیراعظم اور کابینہ کو لندن طلب کیا تھا۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف وفاقی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ لندن پہنچ گئے ہیں۔
لندن پہنچنے والوں وفاقی وزراء میں احسن اقبال، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف اور خرم دستگیر شامل ہیں۔ وزیر اعظم شہبازشریف اور وفاقی وزراء برٹش ایئر ویز کی پرواز بی اے 260 سے لندن روانہ ہوئے تھے ۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹریو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ممکن ہے کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے قبل ہی عام انتخابات کرادیے جائیں۔
بعد ازاں سابق صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ خواجہ آصف کا بیان اپنی جگہ لیکن انتخابی اصلاحات کے بعد ہی انتخابات ہوں گے ، ہم سب نے ملکر حکومت بنا لی ہے تو عمران خان چاہ رہے ہیں کہ جلدی انتخابات کروائیں لیکن ہم نے بھی الیکشن کروانے سے انکار نہیں کیا اور اس حوالے سے گزشتہ رات نواز شریف سے بھی بات کی اور انہیں سمجھایا کہ جیسے ہی الیکشن اصلاحات ہوں فوری الیکشن کرائے جائیں۔


0 تبصرے