-->

موبائل چور گینگ کا سرغنہ ایس ایچ او کا رشتہ دار نکلا

علی پور (عبدالوحید قادری سے)گزشتہ کئی ماہ کے دوران علی پور کی مارکیٹ سے موبائل چوری کرنے والے چور گینگ کا سرغنہ ایس ایچ او تھانہ سول لائن کا رشتہ دار نکلا ایف آئی آر ہونے کے باوجود مسروقہ مال سمیت رہا کردیا متاثرہ شہری کا شدید احتجاج آئی جی پنجاب سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا تفصیل کے مطابق علی پور شہر کے مصروف ترین تجارتی مرکز اقبال چوک میں واقع موبائل فون مارکیٹ کے دکاندار محمد طاہر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہماری مارکیٹ میں واقع مختلف دکانوں سے موبائل فون چوری ہونے کا سلسلہ جاری ہے چور گینگ موبائل فون خریدنے کے بہانے مارکیٹ میں گروپ کی شکل میں داخل ہو کر نوسربازی کرتے ہوئے موبائل فون چوری کرکے فرار ہو جاتے ہیں ہفتہ بارہ اگست کو صبح ساڑھے آٹھ بجے کے قریب نوسرباز چور گینگ کے اراکین میری موبائل شاپ پر موبائل خریداری کے بہانے آئے۔
اس دوران بتیس ہزار روپے مالیت کا موبائل فون چوری کرکے فرار ہو گئے ان کے جانے کے بعد موبائل چیک کئے تو ایک فون چوری تھا فوری طور پر تھانہ سٹی علی پور میں نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ نمبر 757/23درج کروانے کے بعد موبائل شاپس مالکان کے ضلع مظفرگڑھ کے واٹس ایپ گروپ میں معلومات شیئر کی تو بروز اتوار مجھے مظفرگڑھ سے موبائل شاپ ہولڈر نے بتایا کہ کل سہ پہر کو چور گینگ کا سرغنہ اس کے پاس چوری ہونے والا موبائل فون فروخت کرنے آیا تھا جس کو میں نے پولیس تھانہ سول لائنز مظفرگڑھ کے ایس ایچ او رانا کامران کے حوالے کردیا ہے جس پر میں نے تھانہ سٹی علی پور کو اطلاع دی کہ میرا موبائل فون چوری کرنے والاایک ملزم مسروقہ موبائل سمیت مظفرگڑھ پولیس کی حراست میں ہے ۔
آج میں اپنے دیگر ساتھیوں وسیم بھٹہ اور غلام عباس خان کے ساتھ مظفرگڑھ تھانہ سول لائن ملزم کو دیکھنے گئے تو وہاں پر موبائل چور کو نہیں پایا معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تو پتہ چلا ہے کہ چور گینگ کا سرغنہ تھانہ سول لائن میں تعینات ایس ایچ او رانا کامران کا رشتہ دار تھا جس کو اس نے مسروقہ موبائل فون سمیت تھانہ سے چھوڑ دیا ہے طاہر گبول نے اس صورتحال پر احتجاج کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ سول لائن مظفرگڑھ کے خلاف اس کے چور کو چھوڑنے پر کارروائی عمل میں لائی جائے اور مجھے انصاف فراہم کیا جائے اس نے کہا ہے کہ جب قانون نافذ کرنے والے ادارے ہی چوروں ڈاکوؤں کی سرپرستی شروع کردیں گے تو عام شہری انصاف حاصل کرنے کہاں جائیں دریں اثناء مذکورہ بالا وقوعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے ڈی ایس پی علی پور اعجاز بخاری کو انکوائری کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے