-->

قبضہ مافیا کے خلاف معمولی دفعات کی ایف آئی آر درج کے خلاف ایپکا نے احتجاج کی دھمکی دے دی

علی پور (عبدالوحید قادری سے)دوران ڈیوٹی سرکاری امور میں مداخلت اور ملازمین پر تشدد کھلم کھلا دہشتگردی اور ریاست پر حملہ کے مترادف ہے استغاثہ کے برعکس دہشتگردی کی بجائے معمولی دفعات کی ایف آئی آر کاٹ کر پولیس بااثر ملزمان کی سہولت کار بن گئی ہے ان کو ریلیف دینے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ ایپکا پاکستان اپنے ملازمین کا تحفظ کرنا اچھے طریقے سے جانتی ہے اگر ملزمان کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت کاروائی نہ کی گئی تو سرکاری امور ٹھپ کرکے پنجاب بھر کے دفتری نظام کا پہیہ جام کرتے ہوئے بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے ۔خالد جاوید سنگھیڑا،وزیراحمددستی
تفصیل کے مطابق دو روز قبل تحصیل علی پور ہیڈ پنجند پانڈ ایریا کے مواضعات بیٹ معزز الدین مکھن بیلہ کے علاقہ میں تحصیلدار علی پور محمد اقبال عباسی پٹواریان محکمہ ریونیو اعجاز احمد خان ،فیاض گبول، میاں غفار ،میاں اصغر ،میاں کاشف ہیڈ کلرک اسسٹنٹ کمشنر علی پور اورپولیس تھانہ صدر علی پور، پولیس پٹرولنگ پوسٹ ہیڈ پنجند اور محکمہ ایریگیشن کے افسران کروڑوں روپے مالیت کا 38ایکڑرقبہ جوکہ کراچی روڈ پر پٹرولنگ پوسٹ ہیڈ پنجند کے بالمقابل واقع ہے واگزار کرانے موقع پر پہنچے تو مقامی قبضہ گروپ کے درجنوں افراد بھی موقع پر پہنچ گئے جس کی سربراہی ریاض گبول نامی شخص کررہا تھا انہوں نے سرکاری مشینری کو متنبہ کیا کہ وہ قبضہ واگزار کرانے سے باز رہےمزاحمت کاروں میں کئی افراد مسلح بھی تھے انہوں نے موقع پر پہنچ کر زبانی توتکرار شروع کر دی اس دوران محکمہ ایریگیشن کے سب انجینئر ہیڈ پنجند عمران رفیق کو قبضہ گروپ نے موقع پر پکڑ کر مارنا شروع کر دیا سرعام کپڑے پھاڑ ڈالے اور تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا موقع پر موجود تحصیلدار علی پور اور پولیس تماشائی بنے رہے جھگڑے کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ صدر علی پور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے تاہم یہ امر حیران کن ہے کہ سرکاری حکام کئی گھنٹے کی جدوجہد اور وافر افرادی قوت اور بھاری مشینری کے باوجود قبضہ گروپوں سے ایک انچ اراضی حاصل کئے بغیر ناکام لوٹ آئے۔
قبضہ گروپ کے مسلح جتھوں نے محکمہ اریگیشن کے ملازمین پر تشدد کیا اور پولیس کوئی کاروائی کرنیکی بجائے خاموش تماشائی بنی رہی بعد ازاں سب ڈویژنل آفیسر پنجند کینال ہیڈ ورکس کی جانب سے ایس ایچ او تھانہ صدر علی پور کو ملزمان کے خلاف کاروائی کیلئے تحریری درخواست دی گئی مگر ایس، ایچ او تھانہ صدر علی پور بااثر ملزمان کا سہولت کار بن گیا اور استغاثہ کے برعکس معمولی دفعات کی ایف آئی آر کاٹ کر ملزمان کو ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ محکمہ ایریگیشن کے بھجوائے گئے استغاثہ کے مطابق ایف آئی آر میں 7اے ٹی اے ایزاد کی جائے اس موقع پر ایپکا پاکستان کے مرکزی صدر چوہدری خالد جاوید سنگھیڑا اور ضلعی صدر ایپکا مظفرگڑھ وزیر احمد دستی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری امورمیں مداخلت اور دوران ڈیوٹی سرکاری ملازمین پر تشدد ریاست پر حملہ کے مترادف ہے انہوں نے ڈی پی اور مظفرگڑھ سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ کا اندراج کرکے ملزمان کو کیفر کرداد تک پہنچایا جائے اور ملازمین کو ڈیوٹی کے دوران مکمل تحفظ فراہم کیا جائے انکا مزید کہنا تھا کہ ایپکا پاکستان اپنے ملازمین کا تحفظ کرنا اچھے طریقے سے جانتی ہے اگر ملزمان کے خلاف استغاثہ کے مطابق ایف آئی آر درج کرکے دہشتگردی ایکٹ کے تحت کاروائی نہ کی گئی تو تمام سرکاری امور ٹھپ کرکے پنجاب بھر کے دفتری نظام کا پہیہ جام کرتے ہوئے بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے