
علی پور(عبدالوحید قادری سے) ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی کی سستی اور عملہ صفائی کی کام چوری علی پور شہر کے اکثر حصوں میں گندگی کے ڈھیر کچرا کنڈی میں بدل گئے شہری سراپا احتجاج اصلاح احوال کا مطالبہ کردیا تفصیل کے مطابق علی پور شہر کے فتح پور روڈ پر واقع گنجان آباد محلہ بکھر والہ کے رہائشی افراد حاجی حق نواز شریف ملتانی ،ملک محمد اکرم ،ملک محمد حنیف ،ملک محمد اعجاز، ملک فضل اور ملک عاصم اکرم سمیت دیگر اہلیان علاقہ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ہزاروں کی آبادی پر مشتمل ہمارے محلوں میں عملہ صفائی کچھ عرصہ سے شاذ و نادر ہی آتا ہے جس کی وجہ سے تمام گلیوں میں جابجا گندگی کے ڈھیر پڑے ہوئے ہیں جو کہ تسلسل کے ساتھ صفائی نہ ہونے کی وجہ سے کچرا کنڈی میں بدل گئے ہیں گندے پانی کی نکاسی کے لئے سیوریج سسٹم اس دور جدید میں بھی صدیوں پرانا ہونے کی وجہ سے گندا پانی ہرجانب ابلتا نظر آرہا ہے علاقہ میں ملیریا معدے کی بیماری پھیلنے کا ہروقت ڈر لگا رہتا ہے۔
انہوں نےمزید کہا ہے کہ متعدد بار اہلیان علاقہ نے میونسپل کمیٹی علی پور کے ایڈمنسٹریٹر چیف آفیسر اور دیگر حکام سے اس بارے میں رابطہ کر کے اصلاح احوال کے لئے درخواست کی ہے مگر شنوائی نہیں ہوئی محلہ بکھر والہ کی مرکزی نورانی جامع مسجد اور گرلز پرائمری سکول سکھر والہ کے باہر کوڑے کرکٹ اور گندے پانی کی نکاسی کا نظام ناپید ہو چکا ہے جبکہ دیگر حصوں میں صورتحال نہایت ابتر ہے انہوں نے بتایا ہے کہ علاقے سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندوں نے بھی پلٹ کر کبھی بھی ہمارا حال نہیں پوچھا کہ ہمیں کیا مسائل درپیش ہیں انہوں نے کمشنر ڈی جی خان اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سمیت دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علی پور شہر میں سیوریج سسٹم اور صفائی کے ناقص انتظامات کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور یہ بھی تحقیق کی جائے کہ اس حوالے سے میونسپل کمیٹی علی پور کو ملنے والے سرکاری فنڈز اور عملہ صفائی آخر کدھر ہے ۔
0 تبصرے