امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر پرآتشیں اسلحہ رکھنے سےمتعلق تین مجرمانہ الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق ڈیلاویئر میں امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ میں جمعرات کو فرد جرم عائد کرتے ہوئے استغاثہ نے ہنٹر پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے 2018 میں اسلحہ حاصل کرنے کے لیے منشیات کے استعمال سے متعلق جھوٹے بیانات دیے تھے۔
امریکی عدالت کی دستاویز کے مطابق پراسیکیوٹرز نے ہنٹر بائیڈن پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے 2018 میں اسلحہ حاصل کرنے کے لیے جھوٹے بیانات دیے تھے۔
امریکی اسپیشل کاؤنسل ڈیوڈ ویس کی جانب سے یہ فرد جرم اس وقت عائد کی گئی ہے جب ہنٹر کے لیے جولائی میں دو غلط ٹیکس الزامات کا اعتراف کرنے اور اسلحے سے متعلق الزامات پر قانونی چارہ جوئی سے بچنے کے لیے ایک پروگرام میں شمولیت کا معاہدہ ناکام ہو گیا تھا۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ الزامات 2024 کی امریکی صدارتی مہم میں اہم کردار ادا کریں گے کیونکہ بائیڈن اپنے ریپبلکن پیشرو ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں دوبارہ انتخاب لڑنا چاہتے ہیں، جو جی او پی کی نامزدگی کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔
اس سے چند روز قبل ہی ریپبلکنز نے اعلان کیا تھا کہ وہ ڈیموکریٹک صدر کے خلاف مواخذے کی تحقیقات کا آغاز کریں گے۔


0 تبصرے